مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان نے گزشتہ رات جنوب مغربی ایرانی صوبے فارس کے شہر شیراز میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کے ردعمل میں اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر ایک پوسٹ لکھی جس میں دہشتگرد حملے کی مذمت اور اس غیر انسانی حملے میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کے بعد اعلان کیا کہ اس جرم نے ایران میں دہشت گردی اور تشدد کو ہوا دینے والوں کے مذموم عزائم کو بالکل واضح کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اس بات کی ٹھوس معلومات ہیں کہ دشمنوں نے ایران کو غیر محفوظ بنانے کے لیے ایک کثیر جہتی منصوبہ تیار کیا ہے۔ بلاشبہ ہم دہشت گردوں اور انسانی حقوق کا علمبردار ہونے کے دعویدار غیر ملکی مداخلت پسندوں کو ایران کی قومی سلامتی اور مفادات سے کھیلنے کی قطعاً اجازت نہیں دیں گے۔
خیال رہے کہ ایرانی حکام کی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق شیراز کے حضرت شاہ چراغ کے حرم میں گزشتہ رات کیا گیا دہشت گردانہ حملہ ایک دہشت گرد نے کیا جبکہ دہشتگرد تنظیم داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کر تے ہوئے اپنے ٹیلی گرام چینلز پر بیان بھی جاری کیا ہے۔
اب تک کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس دہشت گردانہ حملے میں 15 زائرین شہید اور 19 زخمی ہوئے۔
اجراء کی تاریخ: 27 اکتوبر 2022 - 17:31
ایران کے وزیر خارجہ نے شیراز میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردوں اور انسانی حقوق کے دعویدار غیر ملکی مداخلت پسندوں کو ایران کی قومی سلامتی اور مفادات سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔