ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کی بری افواج کی فوجی مشقوں کا اصلی مرحلہ آج پیر کی صبح ملک کے شمال مغربی علاقے میں شروع ہوا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے مشرقی آذربائیجان صوبے کے شمال میں واقع علاقے ارس کے عمومی علاقے میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری افواج کی وسیع فوجی مشقوں "اقتدار" ﴿طاقت﴾ کا اصلی مرحلہ آج پیر کی صبح شروع ہوا۔

سپاہ پاسداران کے عاشورا فوجی بیس کیمپ کی محوریت پر ہونے والی یہ مشقیں اردبیل اور مشرقی آذربائیجان کے دو صوبوں میں ہو رہی ہیں۔ان بڑے پیمانے پر ہونے والی مشقوں کا مقصد سپاہ پاسداران انقلاب کی بری افواج کی جنگی تیاری کو بہتر بنانا ہے۔سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری افواج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد پاکپور کے مطابق پیراشوٹ ہیلی برن آپریشن، نائٹ گیلپ آپریشن، ہیلی کاپٹر کامبیٹ آپریشنز، جنگی اور خودکش ڈرون آپریشنز کے ساتھ ساتھ دریائے ارس پر پل کی تعمیر، مواصلاتی سڑکوں پر قبضہ اونچائیوں پر قبضہ اور کنٹرول اور جارحانہ تباہی ان مشقوں کے مختلف حصے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملکوں کے لیے اس مشق کا پیغام امن اور دوستی اور پائیدار سلامتی کا استحکام ہے اور ساتھ ہی دشمنوں کے لیے اس پیغام کا اعلان کرنا ہے کہ سپاہ پاسداران کی بری افواج دیگر مسلح افواج کے شانہ بشانہ ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی خطرے کا بھر پور اور فیصلہ کن جواب دیں گے۔