مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل محمد باقری نے آج صبح (ہفتہ کو) مسلح افواج کے 13ویں "ملک اشتر" فیسٹیول کے موقع پر خطاب کیا اور رہبر انقلاب اسلامی امام خامنہ ای کی ہدایات اور تاکیدات کا ذکر کرتے ہوئے مسلح افواج افواج کی جنگی طاقت اور صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
جنرل اسٹاف کے ہیڈکوارٹر میں ہونے والے اس فیسٹیول سے خطاب میں جنرل باقری نے کہا کہ آج ملک کو مختلف شعبوں میں ہائبرڈ خطرات کا سامنا ہے، جو ایک ہی وقت میں دشمنوں کی طرف سے ہمارے خلاف نمودار ہوتے ہیں، اس لیے مسلح افواج کو چاہیے کہ وہ اپنے آپ کو ایسی صورت حال اور تصادم کے لیے تیار رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی مسلح افواج نے حالیہ دنوں میں مسلح افواج کے کمانڈر انچیف ﴿رہبر معظم انقلاب﴾ کی موجودگی میں دو تقاریب منعقد کیں، رہبر معظم انقلاب اسلامی کی مسلح افواج کے لئے یہ توجہ اور عنایت شکریہ اور قدر دانی کا مقام ہے۔
جنرل باقری نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس عملے اور فورسز کی انتھک کوششوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس عظیم ذمہ داری کو نبھایا جو پوری طاقت کے ساتھ ملک بھر میں امن و سلامتی کو فروغ دے رہی ہے۔
جنرل باقری نے ملک میں حالیہ فسادات اور ہنگامہ آرائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں نے حالیہ دنوں کے دوران ایک چھوٹے سے بہانے سے اسلامی انقلاب کے خلاف ایک بڑی سازش اور فتنہ پید کردیا تھا تا کہ ملک کی ترقی کی رفتار کو کم اور اس کے راستے کو ناہموار کرسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن نے بڑی ہوشیاری سے ایران کے خلاف عسکری، سیکورٹی اور ثقافتی میدانوں میں خطرات کا ایک مجموعہ تیار کیا ہے اور ان میں سے کچھ خطرات ابھر کر سامنے آرہے ہیں جبکہ بہت کم معلوم ہیں۔
جنرل باقری نے اسلامی جمہوریہ کے خلاف دشمنوں کی جانب سے شروع کی گئی سخت اور پیچیدہ ہائبرڈ جنگ سے نمٹنے کے لیے ملک کی مزاحمتی طاقت کو مسلسل بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔