انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو مذہبی اور شہری آزادیوں کو سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی تشیع کی اپنی قیادت موجود ہے جو انتہائی ذمہ داری سے اپنے فرائض اداءکر رہی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سربراہ آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عزاداری سید الشہداءکو بھرپور طریقے سے منائیں یہ ان کا بنیادی شہری و مذہبی حق ہے ۔علما و ذاکرین کوشش کریں محرم الحرام میں مقصد کربلا کو بیان کریں تاکہ تبلیغ دین حقہ کو اصل معنوں میں فرغ حاصل ہو سکے۔ عاشورہ محرم دین اسلام کا پیغام ہے اور اس پیغام کو پہنچانے کی اصل ذمہ داری علماءکرام کے سر ہے جن کو یہ ذمہ داری انتہائی حساسیت سے اداءکرنا ہو گی تاکہ تبلیغ دین اسلام میں محرم الحرام کا جو اہم اور واضح کردار ہے اس کی معرفت سے بھی عوام فیضیاب ہو سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو مذہبی اور شہری آزادیوں کو سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی تشیع کی اپنی قیادت موجود ہے جو انتہائی ذمہ داری سے اپنے فرائض اداءکر رہی ہے۔ انہوں نے محرم الحرام میں تعلیمات محمد و آل محمد کے تحت فلسفہ و مقصد کربلا کو پیش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

حافظ ریاض نجفی نے کہا وطن عزیز پاکستان کے قیام اور تعمیر و ترقی میں تشیع کا کردار روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ ملکی استحکام اور بقاءکی خاطر بھی تشیع نے بیش بہا قربانیاں دے کر ملک و قوم کو اتحاد و وحدت کی لڑی میں پروئے رکھا۔ اور آج بھی تشیع کی قیادت عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی بقاءاور اتحاد امت کے لیے کاوشوں کو نظر انداز کر کے ان کی مذہبی اور شہری آزادیوں کو سلب کرنے جو کوششیں کی جا رہی ہیں وہ ناقابل قبول ہیں اور عوام اپنے شہری و مذہبی حقوق سے کسی طور دستبردار نہیں ہوںگے۔