کابل میں ایران کے سفیر نے آج صبح طالبان کی نگراں حکومت کے قائم مقام وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران کہاکہ افغانستان میں امن اور استحکام خطے کے فائدے میں ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آج اتوار کی صبح افغانستان میں طالبان کی نگراں حکومت کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے ایران کے سفیر سے ملاقات کی۔  

دونوں رہنماوں نے دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تجارتی تعلقات کےفروغ پر زور دیا۔

ایران کے سفیر بہادر امینیان نے افغانستان میں امن اور استحکام کو خطے کے فائدے میں قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اپنے ہمسائے ملک سے تعلقات اچھے رہیں اور افغانستان سے مشترکہ سرحدوں کی بدولت اس سے مثبت اور دوطرفہ استفادہ کیا جائے۔ 

خبر رساں ادارے آوا کی رپورٹ کے مطابق طالبان کی نگراں حکومت کے ڈپٹی ترجمان حفیظ ضیا احمد نے بھی اپنی ایک ٹویٹ میں امیر خان متقی اور ایرانی سفیر بہادر امینیان کی کابل میں ملاقات کی خبری دی۔

ملاقات میں ایران میں مقیم افغانی مہاجرین اور قیدیوں کے مسئلے کے علاوہ منشیات کی اسمگلنگ، سرحدی معاملات اور دوطرفہ تجارتی تعلقات پر بات چیت ہوئی۔

امیر خان متقی نے ایران کے ساتھ در طرفہ روابط کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ افغانستان اس کوشش میں ہے کہ خطے میں ایک ٹرانزٹ پوائنٹ میں تبدیل ہوجائے اور اس سلسلے میں ایران اور تاجکستان کے مابین تجارتی اجناس کی منتقلی میں اپنا حصہ ڈالے گا۔ 
طالبان کی وزارت خارجہ کے ڈپٹی ترجمان نے مزید لکھا کہ اس ملاقات میں سرحدی معاملات کا جائزہ لینے کے لئے دو طرفہ نشستوں کے انعقاد پر مکمل اتفاق کیا گیا ہے۔