مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین کاظم صدیقی کی امامت میں منعقد ہوئی ،نماز جمعہ کے عارضی خطیب نے مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں رونما ہونے والے دردناک حادثے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مسجد الحرام کے دردناک حادثے کا اصلی سبب آل سعود کی نااہلی ہے۔
خطیب جمعہ نے کہا کہ اگر چہ مکہ مکرمہ میں ہر سال کوئی نہ کوئی حادثہ رونما ہوتا رہتا ہے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں کبھی پل گرنے سے ،کبھی عوامی اژدحام سے اور کبھی آگ لگنے سے دردناک حوادث رونما ہوتے رہتے ہیں اور ان حوادث کا اصلی سبب سعودی عرب کے حکام کی نااہلی ہے۔
خطیب جمعہ نے مسجد الاقصی پر صہیونیوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حکومت کا اختتام قریب ہے اور فلسطین کے مظلوم عوام کی فتح اور کامیابی بھی نزدیک ہے۔ خطیب جمعہ نے فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر عالمی برادری کے سکوت پر بھی شدید تنقید کی ۔
حجۃ الاسلام صدیقی نے کہا کہ انقلاب اسلامی اپنے اصلی راستے پر گامزن ہے اور جس انقلاب کو حضرت امام خمینی (رہ) نے شروع کیا اس کی باگ ڈور اس کے اصلی صاحب کے ہاتھ میں پہنچنے والی ہے اور ایرانی قوم انقلاب کی راہ پر ولولہ اور جوش و جذبہ کے ساتھ گامزن ہے اور امام زمانہ (عج) کی منتظر قوم کبھی بھی تھکنے والی نہیں ۔ ایرانی انقلاب کی بنیاد اسلامی قوانین پر استوار ہے اور اس انقلاب پر اللہ تعالی اور امام زمانہ (عج) کی خصوصی نظر ہے۔