مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ترک وزیر خارجہ حاکان فیدان نے اسرائیل کے ممکنہ عزائم کے بارے میں سنجیدہ انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تل ابیب ایران پر حملے کے لیے کسی موقع کی تلاش میں ہے، اور اگر ایسا ہوا تو اس کے نتائج پورے خطے کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
ترک ٹی وی چینل این ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں فیدان نے کہا کہ اگرچہ وہ امید رکھتے ہیں کہ اسرائیل کوئی اور راستہ اختیار کرے گا، تاہم زمینی حقائق یہ بتاتے ہیں کہ خاص طور پر اسرائیل ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا موقع ڈھونڈ رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ خدشات وہ حالیہ دورۂ تہران کے دوران ایرانی حکام کے ساتھ بھی شیئر کر چکے ہیں، اور ایک مخلص دوست کے طور پر کڑوی سچائی بیان کرنا ضروری سمجھتے ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے رابطے میں ایران کے خلاف کسی بھی بیرونی مداخلت کی مخالفت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا تھا کہ ترکی، ایران کے امن، استحکام اور سلامتی کو اپنی علاقائی سلامتی کے لیے ناگزیر سمجھتا ہے۔
آپ کا تبصرہ