مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف پاکستان کو تباہ کردیں گے لیکن کرسی نہیں چھوڑیں گے نواز شریف سے پاکستان کو زبردست خطرہ لاحق ہوگيا ہے اور شریف برادران پاکستان کی تباہی کا باعث بن گئے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف ایسےبزدل ہیں جو چوری کی دولت بچانے کے لئے ملک تباہ کردینگے کرسی نہیں چھوڑینگے۔ جذبے اورجنون کا مقابلہ بزدل نہیں کرسکتا۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا عوام سے ووٹ لینے والے وی آئی پی اور بادشاہ بن جاتے ہیں، لوگوں سے کہتا ہوں سڑک بند کی جائے توکسی وی آئی پی کو نہ گزرنے دیں۔
شہباز شریف کا بیٹا ساڑھے 7 ارب روپے کا پاور پلانٹ لگا رہا ہے، اسمبلی میں منافقوں کوغریبوں کی نہیں کرسی کی فکر پڑی ہے، نواز شریف کرپشن کے اتحاد کو بچا رہے ہیں۔ انھیں ڈر ہے کہ تحریک انصاف آ گئی تو سب کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے گی۔ وکلا، صحافیوں اور دانشوروں سمیت سب کا پتہ چل جائے گا کہ کون کہاں کھڑا ہے، تحریک انصاف کے 5 ہزار کارکن جیلوں میں ہیں، پولیس، سول سرونٹ حکمرانوں کے غلط احکام نہ مانیں۔ تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف اپنی تحریک کو ملک بھر میں پھیلانے کے لیے ہراتوار کو بڑے بڑے شہروں میں احتجاجی جلسے کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے چیئرمین عمران خان اور پارٹی کے دیگر مرکزی رہنما خطاب کریںگے۔ اس بات کا فیصلہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی صدارت میں بنی گالہ میں تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین، عارف علوی و دیگر شریک تھے۔
آپ کا تبصرہ