25 جولائی، 2014، 8:19 PM

غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری، 18 روز میں 800 سے زائد فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری، 18 روز میں 800 سے زائد فلسطینی شہید

مہر نیوز/25 جولائی / 2014 ء : صہیونی افواج نے فضائی بمباری اور زمینی گولہ باری سے ہر طرف تباہی مچا دی ہے اور 18 روز سے جاری حملوں میں اب تک 800 سے زائد فلسطینی شہید جب کہ ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے عرب ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ صہیونی افواج نے فضائی بمباری اور زمینی گولہ باری سے ہر طرف تباہی مچا دی ہے اور 18 روز سے جاری حملوں میں اب تک 800 سے زائد فلسطینی شہید جب کہ ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔ صہیونی افواج کی جانب سے غزہ میں عام شہریوں کے گھروں کو نشانہ بنانے کے بعد اب مساجد، اسپتالوں، اسکولوں اور پناہ گزین کیمپوں پر بھی آگ کے گولے برسائے جا رہے ہیں جس میں اب شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 800 سے زائد جب کہ زخمیوں کی تعداد 5 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ اسرائیل کی انسانیت سوز کارروائیوں میں جمعرات کے روز 98 فلسطینی شہید ہوگئے۔ جان کی امان ڈھونڈتے وہ فلسطینی جو اقوام متحدہ کے زیر انتظام کیمپوں میں مقیم ہیں، اب وہ بھی خود کو محفوظ نہیں سمجھتے۔ اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز بیت الحنون میں واقع ایک اسکول کی عمارت میں قائم اقوام متحدہ کے پناہ گزین کیمپ پر بمباری کر دی جس کے نتیجے میں 15 افراد شہید اور 200 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔ اسرائیل نے جنگی جنون میں پہلے بھی تین مرتبہ اقوام متحدہ کی عمارت کو نشانہ بنایا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے میں اقوا م متحدہ کے اہلکارسمیت بچے اور خواتین بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاس داری کرتے ہوئے بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع اوراقوام متحدہ کے زیر انتظا م کیمپوں اور امدادی کارکنوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔واضح رہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف یورپ سمیت دنیا بھر کے مختلف ممالک میں سول سوسائٹی کی جانب سے مظاہرے کئے جا رہے ہیں لیکن اقوام متحدہ اور نام نہاد عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں کسی طریقے سے بھی اسرائیل کی بربریت کو تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔

News ID 1838655

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha