امریکی محکمہ دفاع نے یمن میں اپنی جنگی کشتیوں پر حملوں کی تصدیق کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی محکمہ دفاع نے یمنی فوج کی جانب سے فوجی جہازوں پر حملے کی تصدیق کردی ہے۔

پینٹاگون کے ترجمان پیٹ رائڈر نے صحافیوں کو بتایا کہ آبنائے باب المندب میں انصار اللہ کی طرف سے بڑے پیمانے پر میزائلوں اور ڈرون حملوں کے ذریعے امریکی جنگی کشتیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

اس حملے کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان جنگی جہازوں کو کم از کم 8 خودکش ڈرونز، 5 اینٹی شپ بیلسٹک میزائلوں اور 3 اینٹی شپ کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ تاہم ہمارے جنگی جہاز اس حملے کے خلاف اپنا دفاع کرنے میں کامیاب رہے۔

پینٹاگون کے اس اہلکار نے کہا کہ اس حملے کے دوران امریکی بحریہ کے جہازوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور کسی فوجی اہلکار کی ہلاکت نہیں ہوئی۔

اس سے قبل انصار اللہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے آبنائے باب المندب میں امریکی فوجی جہازوں پر حملے کا اعلان کیا تھا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ حملہ یمن کی سالمیت پر امریکہ کی مسلسل جارحیت اور بمباری کے جواب میں کیا گیا ہے۔