قدس فورس کے سربراہ جنرل قاآنی نے حزب اللہ کے نومنتخب سربراہ شیخ نعیم قاسم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ قدس فورس صہیونی حکومت کی نابودی اور فلسطین کی آزادی تک حزب اللہ کے شانہ بشانہ میدان میں رہے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب کی فورس کے سربراہ میجر جنرل اسماعیل قاآنی نے شیخ نعیم قاسم کو حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

اپنے پیغام میں جنرل قاآنی نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ آپ جیسے شاندار ریکارڈ رکھنے والے مجاہد اور مقاومتی مجاہدین کے محبوب شخص کو حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل کے طور پر منتخب کیا گیا۔

انہوں نے شہید سید حسن نصر اللہ اور شہید سید ہاشم صفی الدین اور دیگر مقاومتی رہنماؤں اور مجاہدین کو خراج عقیدت پیش کیا اور صہیونی حکومت کی جنگی جنایات کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی قیادت میں شہداء کا نورانی اور جہادی راستہ جاری رہے گا اور پہلے سے زیادہ اس میں تیزی آئے گی۔

انہوں نے اپنا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ قدس فورس صہیونی حکومت کی نابودی اور فلسطین کی آزادی تک حزب اللہ کے شانہ بشانہ میدان میں موجود رہے گی۔