صدر پزشکیان نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت ایران پر حملے کی غلطی کرے تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے تہران میں حماس کے نمائندہ دفتر میں تنظیم کے سربراہ شہید یحیی السنوار کی یاد میں ہونے والی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پزشکیان نے کہا کہ آج کے دور میں دنیا میں ایسی حکومتیں ہیں جو دوسروں کے سامنے انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کا دم بھرتی ہیں لیکن عملی طور پر ان کو پامال کرتی ہیں۔ یہی حکومتیں بے گناہ لوگوں کا قتل عام کرتی ہیں اور لوگوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے ہجرت کرنے پر مجبور کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپی ممالک نے پوری ڈھٹائی کے ساتھ صہیونی حکومت کو مسلح کیا اور اس کی جانب سے ہونے والی انسانی حقوق کی پامالی کا دفاع بھی کیا ہے۔ دنیا کے حریت پسند کبھی بھی ان حالات میں خاموش نہیں رہیں گے۔

صدر پزشکیان نے صہیونی حکومت کے ممکنہ حملے کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایران پر حملے کی غلطی کرے تو مناسب جواب دیا جائے گا۔