مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، لبنانی مقاومتی تنظیم حزب اللہ نے ایک بیان میں تل ابیب اور دیگر صہیونی شہروں پر حملوں کا دعوی کیا ہے۔
تنظیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کے اندر مختلف مقامات پر قادر 2 میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔ حزب اللہ کے حملوں کے بعد متعدد مقامات پر خطرے کے سائرن بجائے گئے ہیں۔
دوسری جانب صہیونی حکام نے کہا ہے کہ الجلیل اور دیگر شہروں میں حزب اللہ کے میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد محفوظ مقامات میں پناہ لینے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق سرحد پر واقع صہیونی قصبوں کفر گلعادی، شار یشوو اور کفر سولد میں حزب اللہ کے ڈرون طیارے فضاوں میں نمودار ہوتے ہی عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور عوامی مقامات پر افراتفری مچ گئی۔
صہیونی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ منگل کی رات حزب اللہ نے سرحدی قصبوں پر 50 سے زائد میزائل اور راکٹ فائر کیے۔ کچھ راکٹوں نے فوجی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔
صہیونی ذرائع نے مزید کہا ہے کہ دفاعی سسٹم آئرن ڈوم نے بعض میزائلوں کو فضا میں تباہ کردیا جبکہ کچھ میزائل اپنے ہدف پر لگنے میں کامیاب ہوئے۔
حزب اللہ نے اپنے بیان میں دعوی کیا ہے کہ راکٹ اور میزائل حملوں میں کئی صہیونی زخمی ہوگئے ہیں۔