اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطین اور لبنان میں جارحیت پر صہیونی حکومت کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کے جنیوا دفتر میں ایران کے نمائندے علی بحرینی نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے اور بین الاقوامی ہلال احمر کے نام اپنے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ صہیونی حکومت کی جانب سے لبنان اور فلسطین میں بے گناہ شہریوں پر حملوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر جواب طلب کریں۔

اپنے خط میں بحرینی نے بیروت میں شہید حسن نصراللہ اور شہید عباس نیلفروشان پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ان جنایات پر صہیونی حکومت کو جوابدہ بنانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت نے ان حملوں میں امریکی ساختہ بم استعمال کیے ہیں۔ امریکہ اور مغربی ممالک انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں اسرائیل کے ساتھ شریک ہیں۔ عالمی برادری کی بے حسی کے سایے میں صہیونی حکومت جرائم کی عادی ہوچکی ہے اور فلسطینی عوام پر عرصہ حیات تنگ ہوچکا ہے۔ حالیہ صہیونی جارحیت کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد لبنانی شہری شہید اور ہزاروں بے گھر ہوئے ہیں۔

بحرینی نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پر فوری پابندی عائد کی جائے۔ حزب اللہ لبنان کی سیاسی اور قانونی تنظیم ہے جو لبنان کی سرزمین اور عوام کے دفاع کی جنگ لڑ رہی ہے۔