مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے صہیونی حکومت کی جانب سے یمن کے تیل کے ذخائر اور بجلی گھروں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سویلین تنصیبات اور شہری انفراسٹرکچر پر حملہ غیر انسانی عمل ہے۔ صہیونی حکومت امریکی غیر مشروط حمایت کے زیر سایہ یہ جرائم انجام دے رہی ہے۔ واشنگٹن اسرائیل کے مظالم میں براہ راست شریک ہے۔
کنعانی نے مزید کہا کہ یمنی عوام نے فلسطینیوں کی شرافت مندانہ حمایت کی ہے۔ عالمی برادری کو چاہئے کہ صہیونی غاصب حکومت کی سرکشی کا سلسلہ روک دے۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کی وجہ سے خطے میں جنگ کی آگ مزید بھڑک سکتی ہے۔ امریکہ سمیت صہیونی حکومت کے دوسرے حامی ممالک فلسطین، لبنان اور یمن پر صہیونی بربریت کے ذمہ دار ہیں۔