کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ حکومت سے درخواست ہے فلسطین کیلئے کھڑے ہو جائیں، جو آج اسرائیل کے خلاف کچھ نہیں کر رہے وہ مستقبل میں نہیں بچیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ اسرائیل کے سامنے حماس اور حزب اللہ سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں۔ کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اسرائیل دہشت گرد کارروائیوں میں مصروف ہے، اسرائیل ساری کارروائی کے باوجود مزاحمت کی تحریک کو ختم نہیں کرسکتا۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ غزہ میں بھی بمباری کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیل نے سربراہ حزب اللہ سید حسن نصراللہ کو شہید کیا ہے، فلسطین کے بعد اب اسرائیل نے لبنان پر بھی حملہ کرنا شروع کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل حماس اور حزب اللہ کی مزاحمت کا مقابلہ نہیں کر پارہا ہے، اب بھی وقت ہے اسرائیل کے خلاف کھڑے ہو جائیں، حکومت سے درخواست ہے فلسطین کیلئے کھڑے ہو جائیں۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حسن نصر اللہ شہید کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کریں گے، جو آج اسرائیل کے خلاف کچھ نہیں کر رہے وہ مستقبل میں نہیں بچیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کراچی کے 13 مقامات پر مہنگی بجلی اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف دھرنہ دینگے۔