مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے لبنانی ہم منصب عبداللہ بوحبیب سے ٹیلفونک رابطہ کرکے حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کی شہادت پر لبنانی حکومت، عوام اور مقاومت کو تعزیت پیش کی۔
عراقچی نے کہا کہ شہید حسن نصراللہ نے غاصب صہیونی حکومت کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے اور مقاومت کی ترقی کے لئے موثر کردار ادا کیا۔ ان کی شہادت لبنان، خطے اور عالم اسلام کے لئے بڑا نقصان ہے۔ ان کے خون کی برکت سے مقاومت پہلے سے زیادہ طاقتور ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت نے بیروت کے رہائشی علاقوں پر حملہ کرکے لبنان کی خودمختاری اور عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ صہیونی حکومت کے جرائم کو اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں میں ریکارڈ کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران صہیونی جرائم سے پردہ اٹھانے کے لئے دنیا کے ہر فورم پر کردار ادا کرے گا۔