مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے سیاسی امور کے معاون مجید تخت روانچی نے خلیج فارس کے کنارے واقع آٹھ ممالک کے اعلی سطحی نمائندوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ ایران خلیج فارس کے ممالک کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر پزشکیان کی حکومت ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے پر خصوصی توجہ دے گی۔ پہلے غیر ملکی دورے کے لئے عراق کا انتخاب اس بات کی واضح دلیل ہے۔
تخت روانچی نے مزید کہا کہ خلیج فارس کے کنارے واقع ممالک کے مفادات مشترک ہیں جو اس بات کے متقاضی ہیں کہ ان ممالک کو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ موقف اختیار کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران خلیج فارس کے ممالک کے ساتھ اقتصادی، ٹرانزٹ، ماحولیات، کشتی رانی، منشیات کی سمگلنگ کے خلاف اقدامات اور میری ٹائم سیکورٹی جیسے اہم امور میں تعاون کرنا چاہتا ہے۔
اجلاس کے دوران خلیج فارس کے کنارے واقع ممالک کے نمائندوں نے باہمی تعلقات اور تعاون میں اضافے کے بارے میں تہران کے موقف کو سراہا اور مشترکہ مفادات کے لئے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔