مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی عبوری وزیرخارجہ علی باقری کنی نے او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس کے دوران جدہ میں سعودی عرب کے نائب وزیرخارجہ سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران علی باقری نے کہا کہ صہیونی حکومت نے تہران میں ایران کے سرکاری مہمان پر حملہ کرکے دنیا میں اپنی رسوائی کا سامان فراہم کیا ہے۔ خطے کے ممالک کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی خواہمشند صہیونی حکومت شہید اسماعیل ہنیہ پر حملے کے بعد عالمی سطح پر مزید بدنام ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات درست سمت میں پیشرفت کررہے ہیں۔ نئی حکومت کے دور میں اس میں مزید تیزی آئے گی۔
اس موقع پر سعودی نائب وزیرخارجہ ولید الخرجی نے کہا کہ او آئی سی ممالک صہیونی جارحیت کی مذمت اور ایران کی حمایت پر متفق ہیں۔ جدہ اجلاس کے دوران رکن ممالک نے صہیونی حکومت کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا۔