امریکی وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے واضح کیا کہ جب ایرانی سپریم لیڈر کہتے ہیں کہ صہیونی حکومت کو جواب دیا جائے گا، ہمیں سنجیدگی سے سوچنا پڑے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب ایرانی سپریم لیڈر جواب دینے کی دھمکی دیں تو ہمیں سنجیدگی سے لینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی آمادگی کے حوالے سے مطمئن ہونا پڑے گا۔ ہم خطے میں اضافی فوج بھیج رہے ہیں۔ ہمیں اطمینان حاصل کرنا پڑے گا کہ اسرائیل اپنا دفاع کرنے کی توانائی رکھتا ہے۔

جان کربی نے مضحکہ خیز انداز میں دعوی کیا کہ خطے میں اضافی فوج بھیجنے کا مقصد کشیدگی کو بڑھنے سے روکنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا عقیدہ ہے کہ غزہ میں جنگ بندی ہی جنگ کے خاتمے کا بہترین راہ حل ہے۔

یاد رہے کہ حماس اور حزب اللہ کے اعلی کمانڈروں پر حملے کے بعد جوابی حملے کے پیش نظر اسرائیل میں ہنگامی حالت کی کیفیت طاری ہے۔ متعدد بین الاقوامی کمپنیوں نے اسرائیل کے لئے اپنی پروازیں معطل کردی ہیں۔

امریکہ اور برطانیہ سمیت متعدد یورپی ممالک نے اپنے شہریوں کو اسرائیل چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔

آج علی الصبح حزب اللہ مقبوضہ فلسطین کے سرحدی علاقوں پر شدید میزائل حملے کئے ہیں۔ صہیونی حکومت نے خطرے کے سائرن بجاکر عوام کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونے کا حکم دیا ہے۔