فلسطینی تنظیم حماس کے رہنما نے اسماعیل ہنیہ کی قاتلانہ حملے میں شہادت کے بعد کہا ہے کہ دشمن کو بزدلانہ حملے کا جواب دیا جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی مقاومتی تنظیم حماس کے سیاسی دفتر کے رہنما اسماعیل ہنیہ تہران میں قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔

ان کی شہادت کے بعد حماس نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

تنظیم کے سیاسی دفتر کے رکن موسی ابومرزوق نے کہا ہے کہ شہید اسماعیل ہنیہ پر حملہ انتہائی بزدلانہ تھا۔ دشمن کو اس کا ہر حال میں جواب دیا جائے گا۔

دراین اثناء حماس کے دفتر سے جاری ایک بیان میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر فلسطینی عوام اور عرب قوم اور مسلمانوں کو تعزیت پیش کی ہے۔

تنظیم نے کہا ہے کہ شہید مجاہد اسماعیل ہنیہ ایران کے نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد تہران میں اپنی اقامت گاہ میں صہیونیوں کی بزدلانہ دہشت گردی میں شہید ہوگئے ہیں۔