مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلفونک پر رابطہ کیا اور صدر منتخب ہونے پر ان کو مبارک باد پیش کی۔
اس موقع پر فرانسیسی صدر نے ڈاکٹر پزشکیان کی خارجہ پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے دور حکومت میں ایران اور یورپی ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں۔
گفتگو کے دوران صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران اور فرانس کے درمیان سیاسی اور ثقافتی تعلقات کی پرانی تاریخ ہے۔ ایران دونوں ملکوں کے درمیان صداقت اور اعتماد پر مبنی تعلقات کو بڑھانے کے لئے تیار ہے۔
گفتگو کے دوران دونوں سربراہان مملکت نے غزہ سمیت مختلف عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی صدر نے غزہ میں صہیونی حکومت کے مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت نے گذشتہ 75 سالوں کے دوران فلسطین میں ہر قسم کی جنایت کا ارتکاب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کی جانب سے لبنان پر کسی قسم کی جارحیت کی صورت میں سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔