مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران نے برکس رکن ممالک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
پارلیمنٹ کے کمیشن برائے بین الاقوامی تعلقات کے رکن روح اللہ موسوی نے روس میں بریکس پارلیمانی فورم کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران بینکنگ اور تجارتی خدمات کے بدلے برکس ممالک کو تیل اور گیس فروخت کرنے کے لیے تیار ہے۔
موسوی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کی سربراہی میں روس کے دو روزہ دورے کے دوران ایرانی پارلیمانی وفد نے دیگر برکس ممالک کے وفود سے ملاقاتیں کیں۔ ایرانی وفد نے برکس ممبران کے درمیان بینکنگ اور تجارتی تبادلے کو وسعت دینے پر زور دیتے ہوئے اقتصادی لین دین میں ڈالر کے بجائے ملکی کرنسیوں کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنے وسیع قدرتی وسائل کے پیش نظر برکس ممالک کو ان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیل اور گیس فراہم کر سکتا ہے اور اس کے بدلے میں دیگر رکن ممالک مختلف بینکنگ اور تجارتی تبادلے کے شعبوں میں ایران کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ برکس ممالک دنیا کی آبادی کا 40 فیصد، عالمی جی ڈی پی کا 30 فیصد اور عالمی برآمدات کا 17 فیصد رکھتے ہیں۔