مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چھے محرم الحرام کو عالمی یوم علی اصغر کی مناسبت سے تہران کے مصلائے امام خمینی میں حسینی ماؤں اور شیرخواروں کا عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا۔
جمعہ کی صبح 8 بجے ہونے والا اجتماع غزہ میں صہیونی حکومت کی بربریت کا شکار ہونے والے بچوں سے منسوب کیا گیا۔
اجتماع کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کا اعزاز نوعمر قاری ابوالفضل نبی لو کو حاصل ہوا۔ اس موقع پر ایرانی کے معروف مرثیہ خوانوں اور نوحہ خوانوں نے مرثیہ خوانی اور نوحہ خوانی کی۔ اجتماع میں شریک حسینی ماؤں نے حضرت علی اصغر کی مظلومیت پر اشک بہائے۔
اجتماع میں علی الصبح 6 بجے ہی لوگوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔ حسینی ماؤں نے مل کر امام زمان علیہ السلام سے عہد کیا کہ اپنے شیرخوار بچوں کو قیام کے لئے تیار اور نذر کریں گی۔
قابل ذکر ہے کہ اجتماع میں شریک ایرانی ماؤں نے غزہ میں اپنے بچوں کو قربانی دینے والی فلسطینی ماؤں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ شہر رے میں واقع شاہ عبدالعظیم حسنی کے مزار میں بھی اسی مناسبت سے اجتماع ہوا جس سے حجت الاسلام میر ہاشم حسینی نے خطاب کیا۔