مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم نے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جمہوری عمل کے ذریعے نئے صدر کے انتخاب پر انہیں اور ایران کے برادر عوام کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ برادر ہمسایہ ممالک کی حیثیت سے پاکستان اور ایران مشترکہ تاریخ، عقیدے، ثقافت اور روایات کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔
ایران کے نو منتخب صدر کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستان ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تجارت، توانائی اور علاقائی سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔
اس حوالے سے وزیراعظم نے مزید کہا کہ اپریل 2024 میں مرحوم صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے تاریخی دورے کے دوران دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ طور پر لیے گئے فیصلوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند تعاون پر مبنی شراکت داری کی ایک بہترین بنیاد رکھی تھی۔
نومنتخب صدر پیزشکیان نے دونوں برادر ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مبارکباد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی امور پر بھی تبادلہء خیال کیا اور قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
یہ ٹیلی فونک گفتگو پاکستان اور ایران کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتوں اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے ان کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔