مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران کی اسٹریٹیجک کونسل برائے خارجہ پالیسی کے سربراہ کمال خرازی نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ کی صورت میں پورا خطہ لپیٹ میں آسکتا ہے جس میں ایران جیسا ملک بھی شریک ہوگا۔
انہوں نے تاکید کی کہ صہیونی حکومت کی جانب سے حزب اللہ کے خلاف جارحیت کی صورت میں ایران کے پاس حزب اللہ کی وسیع اور ہمہ گیر حمایت کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہوگا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں اسرائیل کی جانب سے لبنانی مقاومتی تنظیم کے خلاف جنگ کی صدائیں بازگشت کررہی ہیں۔ اسرائیل غزہ کے حالات سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کے لئے شمالی سرحدوں پر جنگ چھیڑنا چاہتا ہے تاہم جنگ کی صورت میں مبصرین کے مطابق اسرائیل کے لئے شمالی سرحد کے دلدل سے باہر نکلنا بہت مشکل ہوگا۔