مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، فلسطینی مقاومتی تنظیم حماس نے امریکی وزیرخارجہ کا بیان مسترد کردیا ہے۔
شہاب نیوز کے مطابق حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی وزیرخارج انتھونی بلینکن غزہ میں جاری بحران کا مرکزی کردار ہے جو مسلسل غاصب صہیونی حکومت کی پشت پناہی کررہا ہے۔
تنظیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حماس نے ہمیشہ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کی حمایت کی ہے۔ اقوام متحدہ میں منظور ہونے والی قرارداد کا خیرمقدم کرنا اس کی واضح دلیل ہے۔
حماس نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت نے ہمیشہ جنگ بندی کے معاملے پر ہٹ دھرمی کا اظہار کیا ہے۔ امریکی وزیرخارجہ کا بیان جھوٹ پر مبنی اور اسرائیل کی حمایت کا تسلسل ہے۔
تنظیم نے کہا ہے کہ ابھی تک اس کو صدر جوبائیڈن کی تجویز کے بارے میں کوئی پیشکش موصول نہیں ہوئی ہے۔ اس حوالے امریکی وزیرخارجہ کا بیان بے بنیاد ہے۔