مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، صہیونی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو کے مشیر اوفیر فالک نے کہا ہے کہ اسرائیل صدر جوبائیڈن کی طرف سے غزہ میں جنگ بندی کی تجویز کو قبول کرے گا۔
برطانوی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ صدر جوبائیڈن کی تجویز میں خامی ہے اس کے باوجود اسرائیل یرغمالیوں کی آزادی کے لئے اس تجویز کو قبول کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر بائیڈن کی تجویز پر تفصیل کے ساتھ غور کرنے کی ضرورت ہے۔ اسرائیل صہیونی یرغمالیوں کی رہائی کے علاوہ حماس کی مکمل نابودی کے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
یاد رہے کہ امریکی صدر نے جمعہ کے دن غزہ میں جنگ بندی کے لئے تین مراحل پر مشتمل امن فارمولا پیش کیا تھا۔
حماس نے صدر جوبائیڈن کی تجویز کا استقبال کیا تھا۔ تنظیم کے رہنما سامی ابوزھری نے کہا تھا کہ نتن یاہو یا جوبائیڈن حماس کو نظرانداز نہیں کرسکتے ہیں۔