سپاہ پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل سلامی نے کہا ہے کہ نظام انقلاب اسلامی کے خلاف کسی بھی اقدام کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایرانی عوام استکباری طاقتوں کا غرور خاک میں ملانے کا فن بخوبی جانتے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے یوم القدس کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج قدس کے راستے کے سپاہی عرش علا کی طرف محو سفر ہیں۔ شہید رضا زاھدی اہل نماز اور امر المعروف و نھی عن المنکر کے حقیقی داعی تھے۔

جنرل سلامی نے کہا کہ جنرل زاہدی نے 42 سال تک جہاد کا لباس زیب تن کیا اور کبھی بدن سے جدا نہیں کیا۔ وہ شہید سلیمانی، خرازی اور کاظمی کے ساتھی تھے جنہوں نے دفاع مقدس کے زمانے سے لے کر لبنان اور شام کی جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت انسانیت سوز جرائم کا دھبہ اپنے دامن سے صاف نہیں کرسکتی۔ ہم متنبہ کرنا چاہتے ہیں کہ انقلاب اسلامی کے مقدس نظام کے خلاف ہونے والا ہر اقدام جواب دئے بغیر نہیں رہے گا کیونکہ ایرانی بہادر عوام طاغوتی طاقتوں کا غرور خاک میں ملانے کے ہنر سے بخوبی واقف ہیں۔