مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر صہیونی حکومت کے دہشت گرد حملے کے بعد دنیا بھر سے شدید ردعمل آرہا ہے اور صہیونی حکومت کے اس اقدام کی بھرپور مذمت کی جارہی ہے۔
فلسطینی مقاومتی تنظیم حماس نے ایک بیان میں اسرائیل کے خلاف شدید لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی حکومت کا ایرانی سفارتخانے پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور ایران اور شام کی خودمختاری پر حملہ ہے۔
تنظیم نے کشیدگی بڑھانے کے اقدامات کو خطرناک قرار دیتے ہوئے ایران اور شام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل سے اسرائیل کو غزہ اور خطے میں جارحانہ کاروائیوں سے روکنے کی اپیل کی۔
اس سے پہلے فلسطینی تنظیم تحریک جہاد اسلامی نے صہیونی دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل غزہ میں ہونے والی شکست سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہا ہے۔