مہر نیوز کے مطابق، تہران میں کالج کے طلباء اور عام شہریوں نے برطانوی سفارت خانے کے سامنے جمع ہوکر غزہ کے شفا اسپتال پر جاری صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم اور فلسطینیوں کے قتل عام کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے برطانیہ کے خلاف غصے کا اظہار کیا۔
مظاہرین نے عالمی برادری اور اسلامی ممالک سے فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا بھی مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو غزہ پر وحشیانہ حملے کے بعد سے اسرائیلی حکومت اس پٹی میں 32,142 افراد کو شہید جب کہ 74,412 کو زخمی کر چکی ہے۔
اس کے علاوہ تقریباً آٹھ ہزار لوگ اب بھی لاپتہ یا ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوجیوں نے گزشتہ روز ایک بار پھر غزہ کے الشفاء ہسپتال کو گھیرے میں لے کر اندر موجود سینکڑوں پناہ گزینوں، مریضوں، صحافیوں اور طبی عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔