مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلامی جمہوریہ ایران کے وقت کے مطابق نئے ہجری شمسی سال یعنی نوروز کا آغاز اس سال 20 مارچ بروز بدھ ، صبح 6 بج کر 36 منٹ اور 26 سیکنڈ پر ہوا۔ تحویل سال کے ابتدائی لمحات کا آغاز ایرانی عوام نےدعائے تحویل سال پڑہنے سے کیا "یَا مُقَلِّبَ الْقُلُوبِ وَ الْأَبْصَارِ" ۔
نئے ہجری شمسی سال اور جشن نوروز کی خصوصی رسومات پیر کی صبح مشہدالمقدس میں فرزند رسولۖ حضرت امام علی رضا(ع) اور قم المقدسہ میں آپ(ع) کی خواہر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ کے حرم مطہر میں تلاوت قرآن مجید اور دعائے توسل پڑھے جانے سے شروع ہوئیں۔
ایران کے ان دونوں مقدس شہروں میں حرم مطہر کے تمام صحن و رواق اور اطراف کی سڑکیں ان لاکھوں ایرانیوں اور زائرین سے بھری رہیں جو نئے ہجری شمسی سال کے آغاز کے موقع پر دور دراز کے علاقوں سے مشہدالمقدس اور قم المقدسہ پہنچے ہیں اور ان مقدس مقامات پر نئے سال کا آغاز کرنے کی آرزو رکھتے ہیں -نئے ہجری شمسی سال کے موقع پر قم میں مسجد جمکران، شہر شیراز حضرت امام علی رضا (ع) کے برادر گرامی حضرت احمد بن موسی شاہ چراغ کے حرم مطہر اور تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران بانی امام خمینی رح کے مزار اقدس اور اسی طرح دیگر مقدس مقامات منجملہ شہدا کے قبرستانوں میں جنھیں گلزار شہدا کہا جاتا ہے، ایرانی شہری جمع ہوئے اور انھوں نے ان مقامات پر نئے سال کا آغاز کیا اور دعائیں کیں۔
نوروز، ایران کے قدیم قومی تہواروں میں سے ایک تہوار ہے یہ ایرانی سال کے آغاز اور بہار کی آمد کا اور فطرت اور قدرت کے حُسن کا جشن ہے.
نوروز کا دوسرا نام زندگی میں امید اور اعتدال، امن، دوستی اور انسانی وقار کا اظہار ہے اور ایرانی قوم کے درمیان عید نوروز کے دن جشن منانا ایک رائج رسم ہے.
نوروز فارسی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی "نئے دن" کے ہیں. نوروز 21 مارچ بمطابق یکم فروردین یعنی نئے شمسی سال کے آغازاور بہارکا جشن ہے.
نوروز 12 ممالک میں منایا جاتا ہے جن میں اسلامی جمہوریہ ایران، ترکی، آذربائیجان، ہندوستان، پاکستان، ازبکستان، کرغستان، قازقستان، افغانستان، ترکمانستان، تاجکستان اورعراق شامل ہیں.