مہر خبررساں ایجنسی نے وفاق ٹائمز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی، سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری اور نائب صدر علامہ مرید حسین نقوی نے امام جمعہ تہران آیت اللہ محمد امامی کاشانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالم اسلام کا عظیم نقصان قرار دیا ہے۔ تعزیتی بیان میں حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ عظیم فلسفی اور انقلابی شخصیت امام جمعہ ہونے کیساتھ انقلاب اسلامی کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ وہ اسلامی جمہوری ایران کے اہم اداروں مجلس خبرگان رہبری اور مجلس نگہبان دستور کے رکن اور ادارہ تبلیغات اسلامی کے سربراہ کے طور پر اہم ذمہ داریوں پر کام کرتے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امام جمعہ تہران بنیادی طور پر اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسی بیان کرتا ہے۔ آیت اللہ کاشانی نے اپنی پوری زندگی اسلام کے لیے وقف کر رکھی تھی، وہ انقلاب اسلامی لانے والوں میں امام خمینی کے قریبی ساتھیوں میں شامل تھے۔ انہوں نے اسلامی نظام کی مضبوطی کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ وفاق المدارس الشیعہ رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای، علمائے ایران، مرحوم عالم دین کے خاندان، شاگردان اور ایرانی عوام کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔