شام کے مشرقی علاقوں میں واقع امریکی فوجی اڈوں پر مقاومت اسلامی کے مجاہدین نے دوبارہ حملہ کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، فلسطین پر صہیونی جارحیت کے جواب میں خطے میں واقع امریکی اور صہیونی تنصیبات پر مقاومتی تنظیموں کے حملے  جاری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شام کے صوبے دیرالزور میں واقع امریکی فوجی اڈے پر مقاومت اسلامی نے ڈرون حملہ کیا ہے۔

دیرالزور کے مقامی ذرائع کے مطابق الخضرا قصبے میں واقع تیل کے کنویں پر تعیینات امریکی فوجی حملے کا نشانہ بن گئے ہیں۔

مقاومت اسلامی عراق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عراق اور خطے کے دوسرے مقامات پر قابض امریکی فوج کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔ یہ حملے غزہ میں مظلوم فلسطینیوں پر صہیونی حکومت کی جارحانہ کاروائیوں کے بدلے میں کی جارہی ہیں۔

بیان میں ان کاروائیوں کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے شام کے شمال مشرق میں امریکی فوجی اڈے پر بھی مقاومت کے حملے کی خبر موصول ہوئی تھی۔