مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں بد نام زمانہ اسرائیل کی جاسوسی کی تنظیم موساد سمیت غیر ملکی ایجنسیوں سے تعلق کا الزام ثابت ہونے پر اسرائیلی جاسوس کی سزائے موت پر آج 16 دسمبر کو عمل درآمد کر دیا گیا۔
مذکورہ شخص نے موساد سمیت غیر ملکی ایجنسیوں کے ساتھ جان بوجھ کر خفیہ معلومات شئیر کیں اور اپنے ساتھیوں کی مدد سے غیر ملکی حساس اداروں خاص طور پر موساد کو دستاویزات فراہم کیں۔
اس شخص کے خلاف پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر میں تفتیش مکمل ہونے کے بعد اس پر صیہونی حکومت کے ساتھ انٹیلی جنس تعاون اور خفیہ معلومات جمع کرنے اور موساد کے افسر کو براہ راست معلومات فراہم کرنے کا الزام ثابت ہوا تھا اور ملکی نظام میں خلل ڈالنے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف سرگرم گروہوں اور تنظیموں کے حق میں پروپیگنڈہ کرنے کے جرم میں زاہدان عدالت میں کیس فائل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، کیس کی سماعت کے بعد اس شخص کو سزائے موت سنائی گئی اور مجرم اور اس کے وکلاء کو آگاہ کر دیا گیا۔
ملزم کی جانب سے فیصلے پر اعتراض کے بعد کیس سپریم کورٹ کو بھجوا دیا گیا اور دوبارہ سماعت کے بعد اپیل مسترد کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے فیصلے کی توثیق اور منظوری دے دی۔
نیز، ملزم کی جانب سے معافی کی درخواست کے ساتھ اس کا کیس سنٹرل جوڈیشل برانچ کو بھیجا گیا، جہاں اس کی درخواست کی شرائط پوری نہ ہونے کی وجہ سے درخواست مسترد کر دی گئی۔
قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے کیس نمٹانے کے بعد آج صبح زاہدان جیل میں مجرم کی سزائے موت پر عملدرآمد کر دیا گیا۔