مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی بڑی تعداد نے گلزار شہداء علی ابن جعفر میں فلسطین میں صہیونی حکومت کے حملوں میں شہید ہونے والے صحافیوں اور بے گناہ شہریوں کی یاد تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب میں شریک صحافیوں نے امریکہ اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے اور فلسطین میں جاری جنگ اور عوام کی مشکلات سے دنیا کو آگاہ کرنے میں مصروف صحافیوں سے ہمدردی کا اعلان کیا۔
شرکاء نے غزہ میں صہیونی حکومت کے جرائم اور وحشیانہ حملے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
تقریب کے بعد جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت پوری دنیا بڑے امتحان سے گزر رہی ہے۔
صہیونی حکومت کے مظالم کے سامنے خاموشی اختیار کی جارہی ہے۔ انسانی حقوق کے دعویدار مغربی ممالک چپ کا روزہ رکھے ہوئے ہیں۔ عرب ممالک کے حکمران غزہ کے حالات سے چشم پوشی کررہے ہیں۔ یہ سب تاریخ میں ہمیشہ کے لئے رقم ہوجائے گا۔
گذشتہ 43 دنوں کے اندر غزہ میں صہیونی حکومت کی بربریت کے نتیجے میں 12 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ جبکہ جنگ کی رپورٹنگ کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد بھی 50 ہوگئی ہے۔