غزہ میں قابض اسرائیلی فوج کی بمباری سے ایک شخص کے تمام پوتی اور پوتے شہید ہوگئے، فلسطینی شخص کی دہائی دینے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے عالمی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ غزہ میں پوتے پوتی کی تدفین پر بوڑھے دادا کی دہائی دینے کی ویڈیو سامنے آگئی۔

شہید بچوں کا دادا اپنے پوتی پوتوں کی میتوں سے مخاطب ہو کر یہ کہتا رہا کہ اے میرے بچو جب رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے تمہاری ملاقات ہو تو انہیں یہ ضرور بتانا کہ جب غزہ کے فلسطینی مسلمانوں کو ٹکڑے ٹکڑے کیا جا رہا تھا تو آپ کی امت خاموشی سے ہمارا تماشا دیکھتی رہی۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پٹی پر جاری اسرائیلی وحشیانہ حملوں میں اب تک 11 ہزار 78 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ قابض اسرائیلی فورسز کی جارحیت میں شہید بچوں کی تعداد 4 ہزار 506 ہوگئی۔

وزارت صحت کا مزید کہنا ہے کہ غاصب اسرائیلی بمباری کے باعث غزہ پٹی کے 135 طبی مراکز اور 21 اسپتال ناقابل استعمال ہوگئے۔