مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر آیت اللہ رئیسی نے نیویارک کے دورے کے تیسرے دن پروگرام کے مطابق جاپان کے وزیراعظم فومیو کشیدا سے ملاقات کی۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات کی تاریخ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اعلی حکام پہلی فرصت میں جامع پروگرام تشکیل دے کر آئندہ سالوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے لئے کام شروع کریں۔
صدر رئیسی نے امریکہ اور دیگر عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے میں شرکت پر آمادگی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ایران نے اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں۔ ایران کو انتظار ہے کہ امریکہ بھی جوہری معاہدے میں کئے گئے وعدوں کو پورا کرے۔
اس موقع پر جاپانی وزیراعظم نے ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر کرنے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں کی جائیں گی۔
انہوں نے ایران کو اہم ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے استحکام کے قیام کے لئے تہران اور ٹوکیو کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یوکرائن جنگ کے خاتمے کے لئے ایران کے موقف کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے خطے اور خلیج فارس کے علاقے میں امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔