مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ڈی جی خانہ فرامز رحمان زاد نے خانہ فرہنگ ایران، راولپنڈی میں جشن عید غدیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا انہوں مشہور عیسائی مصنف جارج جرداق کی جانب سے حضرت علی علیہ السلام کے بارے میں لکھی تحریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ علی ابن ابی طالب علم و حکمت میں منفرد تھے، وہ اسلام کے قطب اور عرب کے علم و معارف کا سرچشمہ تھے۔ عرب میں کوئی علم نہیں ہے جس کی بنیاد علی علیہ السلام نے نہ رکھی ہو یا وہ اس کے قیام میں شریک نہ ہوں۔
جشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ امین شہیدی نے کہاکہ حضرت علی کی خلافت پر عالم اسلام میں اتفاق ہے انہوں نے کہا کہ دشمن ہمارے صفوں میں فاصلے پیدا کرنے اورشعائر اسلام کی توہین کرنے میں تلے ہوئے ہیں عالم کفر کبھی قرآن اورکبھی حضرت محمد(ص) کی توہین کرکے مسلمانوں کے جذبا ت کو مجروح کررہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر افسوس کیا کہ کسی سیاسی شخص کی توہین کی جائے تو ان کے پیروکار جلائو گھیرائو پر اتر آتے ہیں لیکن یورپ میں ہرروز شعائر اسلام کی بے حرمتی کی جاتی ہے مگر مسلمان متحد ہوکر لائحہ عمل طے نہیں کررہے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن روالپنڈی کی رہنما ڈاکٹر رضیہ نوید نے کہا کہ دشمن بڑی تیزی اورچالاکی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے وہ ہمارے اندر انتشار پیدا کررہا ہے ہمارے درمیا ن تفرقہ ڈالنے کی بھی کوشش کررہا ہے لیکن ہمیں ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا ہم اپنے اپنے مسلک کے وفادار ہیں یا ہم اللہ اوراس کے رسول اوراسلام کے وفادار ہیں؟ اللہ اوراس کے رسول، قرآ ن اوراہل بیت اطہار(ع) کی محبت ہمارے درمیان اکھٹے ہونے کے لئے کافی نہیں ہیں؟ دانشور اور علماء کہتے ہیں اگر ہمارے درمیان ننانوے اختلاف ہوں اور ایک پوائنٹ ایسا ہوجس کے باعث اتحاد ہوسکتا ہے توان ننانوے باتوں کو چھوڑ کر اس کو بات کو پکڑنی چاہئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر سرفراز ظفر نے سویڈن میں قرآن کو نذر آتش کرنے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی تقریب سے دیگر علماء کرام اوردانشوروں نے خطاب کیا ۔