مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ غرب اردن کے شہر جنین میں محو پرواز صہیونی جاسوس ڈرون کو تباہ کردیا گیا ہے۔
شہاب نیوز کی خبر کے مطابق فلسطینی مقاومتی تنظیم نے صہیونی ڈرون کو تباہ کرنے کے بعد تباہ شدہ طیارے کو غنیمت میں لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جنین کے کیمپوں کی فضاوں میں نچلی سطح پر محو پرواز جاسوس ڈرون کو فلسطینی جوانوں نے فائرنگ کرکے تباہ کردیا۔
اسلامک جہاد کے عسکری ونگ سرایا القدس نے صہیونی ڈرون کو گرانے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ تنظیم کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی ڈرون علاقے کی فلمبندی میں مصروف تھا لیکن سرایا القدس کے جوانوں نے فائر کرکے سرنگون کردیا۔
تنظیم نے ڈرون کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مغربی کنارے میں مقاومت کی طاقت میں اضافے کے بعد متعدد مرتبہ صہیونی ڈروں طیاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے جس سے صہیونی حکومت کی پیشرفت میں کمی آئی ہے۔