مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے تعاون سے بلوچستان کے علاقے جعفر آباد میں مزید 30 گھروں کی چابیاں سیلاب متاثرہ خاندانوں کے حوالے کر دیں ہیں۔
اس حوالے سے جعفر آباد بلوچستان میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مایہ ناز انٹرنیشنل کرکٹ امپائر علیم ڈار، ضمیر حیدر، سماجی شخصیت انجینئر عبد المجید بادانی، پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسو سی ایشن کے چیئرمین امانت علی تارڑ، فارن افیئرز ہیڈ محمود احمد بٹ، الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے سیکریٹری جنرل قمر ابراہیم اور سینئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی سمیت مقامی ذمہ داران اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔
الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے سیکریٹری جنرل قمر ابراہیم نے اِس موقع پر بتایا کہ گزشتہ سال آنے والے سیلاب میں جعفرآباد، بلوچستان کے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں سے ایک ہے جہاں کئی ماہ تک 4 سے 8 فٹ تک پانی کھڑا رہا اور جس کے باعث لوگوں کے گھر، فصلیں اور مال مویشی شدید متاثر ہوئے۔
اِس صورتحال کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن نے جہاں ریسکیو اور ریلیف کے حوالے سے خدمات جاری رکھیں، وہیں محفوظ مقامات پر تعمیر نو کے حوالے سے گھروں کی تعمیر سمیت دیگر منصوبوں پر کام کا آغاز کیا گیا۔
واضح رہے کہ جعفر آباد بلوچستان میں سماجی شخصیت انجینئر عبد المجید بادانی نے اس مقصد کے لیے 27 ایکڑ زمین عطیہ کی جس پر 175 سیلاب متاثرہ خاندانوں کےلیے گھر، مسجد، پانی کے منصوبے اور کھیل کا میدان بنانے کا کام جاری ہے۔