مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سلطان عمان دو روزہ سفر پر تہران پہنچ گئے ہیں۔ تہران کے مہر آباد ائیرپورٹ پر نائب صدر محمد مخبر نے ان کا استقبال کیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ اور پائدار تعلقات استوار ہیں۔ اس سفر کے نتیجے میں یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
صدر رئیسی کے معاون نے مزید کہا کہ ایران عمان کے خطے میں مقام کو نہایت احترام کی نظر سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک سیاسی معاملات میں نزدیکی روابط رکھتے ہیں۔ ان تعلقات کی وجہ سے باہمی تجارت اور اقتصادی تعلقات کی مزید راہیں کھلیں گی۔
محمد مخبر نے مزید کہا کہ ایران اور عمان کے درمیان تجارت کے حوالے سے بینکی امور میں کچھ مسائل موجود ہیں جن کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر سلطان عمان ہیثم بن طارق نے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارتی اور اقتصادی روابط میں درپیش مشکلات کو حل کرنا چاہئے۔ اس سفر کے دوران ان مشکلات کے بارے میں مذاکرات کیے جائٰیں گے۔ اگر بینکی امور میں حائل مشکلات کو دور کیا جائے تو باہمی تجارت کے مزید مواقع پیش آئیں گے۔
سلطان عمان نے امید ظاہر کی کہ اس دورے کے نتیجے میں اقتصادی مواقع سامنے آئیں گے۔