فلسطینی تنظیم حماس کی عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے صہیونی حملے میں القدس بریگیڈ کے کمانڈروں کی شہادت پر اسرائیل کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے سخت انتقام لینے کا اعلان کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے خبر دی ہے کہ حماس کی عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے فلسطینی رہنماوں کی شہادت کو آزادی کی راہ میں معاون قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں تنظیم نے کہا ہے کہ شہدا کا خون فلسیطنیوں کے جذبات کو مزید زندہ کرے گا اور انتقام کی آگ میں اسرائیل کو جلا کر رکھیں گے۔

تنظیم نے مزید کہا ہے کہ فلسطینی عوام اور مقاومتی تنظیموں کو اتنقام لینے کا فن خوب آتا ہے۔ دراین اثناء حماس کے ترجمان حازم قاسم نے صہیونی حملوں پر ردعمل دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے حملوں کا ذمہ دار اسرائیل ہے اور فلسطینی عوام آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اسرائیل ایسے واقعات کے ذریعے ہمارے جذبات کو خاموش نہیں کرسکتا ہے۔

یاد رہے کہ آج علی الصبح کو اسرائیلی طیاروں نے غزہ اور دوسرے مقامات پر حملے کر کے مقاومتی رہنماوں سمیت 9 فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔

الجزیرہ نے صہیونی فوج کے ترجمان کے حوالے سے خبر دی ہے  کہ جہاد اسلامی کے رہنماوں کو نشانہ بنانے کے لئے حملے کئے گئے ہیں۔ اب تک کی خبروں کے مطابق واقعے میں 12 فلسطینی شہید اور 20 زخمی ہوگئے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں جہاد اسلامی فلسطین کے تین اعلی کمانڈر بھی شامل ہیں۔