مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے صہیونی حکومت کی طرف سے فلسطینی شہری کو حراست میں لینے اور ان پر کئے گئے غیر انسانی سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا اقدام گذشتہ 7 دہائیوں سے فلسطینی عوام اور مجاہدوں کے خلاف صہیونی حکومت کے غیر انسانی سلوک کی واضح مثال ہے۔
انہوں نے صہیونیوں کے ان اقدام کو غیر انسانی جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی غاصب صہیونی حکومت کو مزید جارح بنا دے گی۔
ناصر کنعانی نے صہیونیوں کے جرائم اور قبضے کے خلاف فلسطینی قوم کی مزاحمت کو سراہتے ہوئے تحریک جہاد اسلامی فلسطین، فلسطینی قوم اور مزاحمتی گروپوں سمیت خضر عدنان کے اہل خانہ سے ان کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔