مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ غزہ میں فلسطینی مزاحمتی فورسز اور ناصر صلاح الدین بریگیڈ نے عسقلان شہر پر میزائل حملے کی خبر دی ہے۔
مزاحمتی قوتوں کا یہ حملہ گذشتہ چند گھنٹوں میں غزہ کی پٹی کے شمال، جنوب اور مرکز کے علاقوں پر صہیونی قابض حکومت کے فضائی اور توپخانے کے حملوں کے جواب میں کیا گیا۔
تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی پر صہیونی حکومت کا حملہ مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے کے باشندوں کے لیے ہماری حمایت کو روکنے کی ناکام کوشش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری قوم غزہ اور پورے فلسطین میں مقبوضہ بیت المقدس کے دفاع اور حفاظت کے لیے تلوار اور ڈھال بن کر تیار رہے گی اور اسرائیلی حملے ہمیں خوفزدہ نہیں کرسکتے۔
گذشتہ رات حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے اعلان کیا تھا کہ مسجد الاقصیٰ پر حملہ سنگین جرم ہے جس کےسخت نتائج برآمد ہوں گے۔ تمام فلسطینی، عرب اور اسلامی ممالک کو اپنی ذمہ داریوں اور فرائض کو پورا کرنا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مغربی کنارے اور 1948 کے مقبوضہ علاقوں میں رہنے والے تمام فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ کی مدد کے لیے بلاتے ہیں۔