غاصب اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو کی عدالتی اصلاحات کے خلاف ہزاروں افراد نے تل ابیب میں مظاہرہ کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس کی مظاہرین کے ساتھ جھڑپیں ہوئی ہیں۔

مہر خبررسان ایجنسی نے گارڈئین کے حوالے سے خبر دی ہے کہ وزیر اعظم نتن یاہو کی بنیاد پرست اور دائین بازو کی کابینہ کی مجوزہ عدالتی اصلاحات کے خلاف تل ابیب میں ہزاروں صہیونیوں نے مظاہرہ کیا۔

عوام کی شدید مخالفت کے باوجود نتن یاہو عدالتی نظام میں من پسند اصلاحات کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب تل ابیب میں عبرانی زبان کے ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ پولیس کی مظاہرین کے ساتھ جھڑپیں ہوئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے تل ابیب میں مظاہرین کو زبردستی منتشر کیا۔ اس دوران مظاہرین نے سڑکوں کو بند کردیا۔

یاد رہے کہ وائٹ ہاؤس کے ترجمان کیرن جین پیئر نے بدھ کے روز نتن یاہو کی عدالتی اصلاحات کے بارے میں کہا کہ صدر جوبائیڈن اسرائیلی وزیر اعظم کی مذکورہ اصلاحات سے پریشان ہیں۔