ایران اور آئرلینڈ کے وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر امیر عبداللہیان اور ان کے آئرش ہم منصب سائمن کاوونی کے درمیان فون پر ہونے والی گفتگو میں دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے انسانی حقوق کے بہانے یورپی یونین کی وزراء کونسل کے بعض سیاسی اقدامات پر تنقید کی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے آئرش ہم منصب کے سوال کے جواب میں پابندیوں کے خاتمے کے لیے ہونے والے مذاکرات میں آئرلینڈ کی سابقہ ​​کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایک اچھے، مستحکم اور مضبوط معاہدے کے لیے تیار ہے اور  سفارت کاری کو درست راستہ سمجھتا ہے تاہم اپنی ریڈ لائنز یعنی اپنے عوام کے مفادات کے یقینی حصول سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

اس ٹیلی فونک گفتگو میں آئرلینڈ کے وزیر خارجہ نے گزشتہ سال اپنے دورہ تہران کا حوالہ دیتے ہوئے اہم ترین علاقائی اور بین الاقوامی امور کے بارے میں اپنے ملک کے موقف اور دو طرفہ تعلقات کے ایجنڈے میں شامل مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔