عراقی پاپولر موبلائزیشن آرگنائزیشن (الحشد الشعبی) کے سربراہ نے شہید جنرل حاج قاسم سلیمانی کے بارے میں لکھی گئی کتاب "سلیمانی منا اہل العراق" کی نقاب کشائی کی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عربی ویب سائٹ العہد نے خبر دی ہے کہ عراق کی پاپولر موبلائزیشن آرگنائزیشن (الحشد الشعبی)کے سربراہ فالح الفیاض نے کو کتاب "سلیمانی منا اہل العراق" (سلیمانی ہم اہل عراق میں سے ہیں) کی نقاب کشائی کی۔

یہ کتاب عراقی مصنف ابو لواء البہادلی نے لکھی ہے اور مصنف نے 560 صفحات میں عراق کی معاصر تاریخ کے سب سے خطرناک 3 سالوں میں شہید حاج قاسم سلیمانی کے کردار کو بیان کیا ہے۔

کتاب کے مصنف البہادلی نے اس سے قبل حشد الشعبی کے رضاکاروں اور فوجیوں کی بہادری کے بارے میں کئی کتابیں لکھی ہیں جن میں سے ایک "جمال الشہداء" کے عنوان سے شائع ہوئی اور اس میں انہوں نے حشد الشعبی تنظیم کے سابق نائب صدر "ابومہدی المہندس" کی سوانح حیات کو پیش کیا ہے۔

در ایں اثنا الفیاض نے داعش کی شکست کی پانچویں سالگرہ (یوم نصر) کے موقع پر ایک بیان میں تاکید کی کہ دہشت گردی پر عراق کی فتح اس ملک کی آنے والی نسلوں کے لیے باعث فخر ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی پر فتح شہداء کی محنت اور جدوجہد سے حاصل ہوئی جن میں فتح کے شہداء (جنرل حاج قاسم سلیمانی اور کمانڈر ابو مہدی المہندس) سرفہرست ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم سب عراق کے دفاع میں شہید قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس ہیں اور ان کی طرح میدان جنگ میں اتریں گے۔

الفیاض نے عراق پر کسی بھی بیرونی کنٹرول کی مخالفت کرتے ہوئے تاکید کی کہ حشد الشعبی کی بنیاد مشکل وقت میں رکھی گئی تھی اور یہ تنظیم تمام عراقیوں کے لیے ایک قومی نمونہ بننے میں کامیاب رہی تھی۔ البتہ تمام عراقی گروہوں اور طبقات نے داعش کے خلاف فتح میں اپنا کردار ادا کیا اور اس عظیم کامیابی کو ایسے حالات میں کہ جب ہمارے دشمن خفیہ طور پر اپنے ناپاک عزائم کے درپے ہیں، برقرار رکھا جانا چاہیے اور اسی حفاظت کرنی چاہئے۔