مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے عمان کے وزیر خارجہ السید بدر البوسعیدی سے ملاقات میں تہران اور مسقط کے تعلقات کو مضبوط اور گہرے قرار دیتے ہوئے کہا: دشمن کی خواہشات کے باوجود ایران اور عمان کے تعلقات روز بروز مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں پر عمل درآمد کیلئے مثبت اقدامات کیے گئے ہیں۔
آیت اللہ رئیسی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ آج امریکہ کی قیادت میں ایرانی قوم کے خلاف تسلط پسندانہ نظام کی دشمنیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، کہاکہ ایرانی قوم کی ترقی کے خلاف امریکیوں کی سازشیں اور ہٹ دھرمیاں ہمیشہ سے جاری رہی ہیں۔ کئی دہائیاں گزر گئیں لیکن امریکہ اپنی ناکامیوں سے سبق نہیں سیکھ سکا۔
انہوں نے بین الاقوامی مسائل میں ایران کے ساتھ تعاون کیلئے عمان کے اصولی موقف کو سراہا اور منصفانہ معاہدے کے حصول کے لئے اسلامی جمہوریہ کی آمادگی کے موقف پر تاکید کی اور کہاکہ بعض علاقائی اور بین الاقوامی فریق باقاعدگی سے ایران کے ساتھ تعاون کا پیغام دے رہے ہیں لیکن عملی میدان میں ان کا طرز عمل ان کی موقف سے مختلف ہوتا ہے، یہ منافقت ان کیلئے باعث ندامت و پشیمانی ہو گی۔
اس ملاقات میں عمان کے وزیر خارجہ السید بدر البوسعیدی نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولی موقف اور خاص طور پر علاقائی استحکام کے سلسلے میں آیت اللہ رئیسی کے نقطہ نظر کو سراہا۔
انہوں نے مزید کہاکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ عمان کے تعلقات دوسرے ممالک کے لئے ایک نمونہ عمل ہیں۔ ہم ان تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔
عمان کے وزیر خارجہ نے پابندیوں کے خاتمے کے مذاکرات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف اور نقطہ نظر کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ ایران کا ثابت قدم اور دیانتدارانہ رویہ ثمر بخش ثابت ہوگا۔