مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ ابتدائی مشاورت میں اتحادیوں نے وفاقی حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلادیا۔ وفاقی وزیر خزانہ کی یکے بعد دیگرے مولانا فضل الرحمان اور سابق صدر آصف علی زرداری سے طویل ملاقاتیں ہوئیں، جن میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، عمران خان کے لانگ مارچ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمن کے ساتھ میاں نواز شریف کی ٹیلیفونک گفتگو بھی ہوئی۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادیوں نے وزیراعظم میاں شہباز شریف کو مکمل حمایت کا یقین دلا دیا اور پیغام دیا کہ اہم تقرری سمیت دیگر اہم فیصلوں پر وزیراعظم آئینی اختیار کے مطابق اقدام کریں، ملکی داخلی استحکام، معاشی و سیاسی استحکام کے لئے مل کر آگے بڑھیں گے۔
ملاقاتوں میں سابق وزیراعظم عمران خان کے بیانیے اور لانگ مارچ کو اہمیت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا اور تینوں بڑی اتحادی جماعتوں کا مستقبل قریب میں مل کر چلنے پر اتفاق کیا۔وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعظم میاں شہباز شریف کے علاوہ میاں نواز شریف کا بھی اہم پیغام پہنچایا۔طبیعت بہتر ہوتے ہی وزیراعظم میاں شہباز شریف جلد اتحادیوں کے ساتھ براہ راست بھی ملاقات کریں گے۔